نئی دہلی، 9/جنوری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مرکزی انفارمیشن کمیشن (سی آئی سی)نے دہلی یونیورسٹی کو ہدایت دی ہے کہ وہ 1978کے بی اے ڈگری کے ریکارڈدکھائے۔ڈی یو کے مطابق اسی سال نریندر مودی نے بی اے کی ڈگری حاصل کی تھی۔دینک بھاسکرکے مطابق گزشتہ سال عام آدمی پارٹی نے مودی کی ڈگری پر سوال اٹھایا تھا، اس کے بعد ڈی یو نے دعوی کیا تھا کہ ان کی ڈگری صحیح ہے۔ایک نیوز ایجنسی کے مطابق، انفارمیشن کمشنر سری د ھر آچاریولو نے یونیورسٹی کی مرکزی پبلک انفارمیشن آفیسر (سی پی آئی او)میناکشی سہائے کی دلیل مسترد کر دی کہ یہ کسی تیسرے شخص کی ذاتی معلومات ہے۔کمیشن نے کہا کہ نہ تو یہ قانونی طور پر نہ ہی میرٹ کی بنیاد پر صحیح ہے۔واضح رہے کہ نیرج نامی ایک شخص نے دہلی یونیورسٹی سے 1978میں بی اے کی ڈگری لینے والے طلبا کے رول نمبر، نام، والد کا نام اور نمبر کی معلومات مانگی تھی۔سی آئی سی نے کہا ہے کہ ریکارڈ کی کاپی مفت میں دی جائے۔آچاریولو نے کہاکہ اس سوال کے سلسلے میں سی پی آئی او نے ایسا کوئی ثبوت نہیں دیا ہے یا اس امکان پر کوئی صفائی نہیں دی کہ ڈگری کی معلومات کے خلاصہ سے رازداری کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔سی پی آئی او میناکشی سہائے نے دلیل دی تھی کہ 1978میں بی اے پروگرام میں دو لاکھ اسٹوڈنٹس تھے اور جب تک بی اے پروگرام کے سبجیکٹ کا ذکر نہیں کیا جاتا ہے تب تک طلب کی گئی معلومات دینا مشکل ہوگا اور 1978کا ایگزام رزلٹ ڈیجیٹل شکل میں بھی موجود نہیں ہے۔قابل ذکرہے کہ گزشتہ سال اپریل میں اروند کیجریوال نے وزیر اعظم کی بی اے کی ڈگری پر سوال اٹھاتے ہوئے اسے فرضی بتایا تھا۔تنازعہ بڑھنے پر ڈی یو رجسٹرار ترون داس نے گزشتہ سال کہا تھاکہ ہم نے اپنے ریکارڈ چیک کئے اور یہ تصدیق کی جاتی ہے کہ نریندر مودی نے 1978میں بی اے پاس کیا تھا اور انہیں 1979میں ڈگری دی گئی تھی۔